کہوٹہ(اُمت نیوز) بس میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو کی فائرنگ سے مسافر سرکاری اہل کار جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ کہوٹہ کے علاقے میں ڈاکوؤں نے ناکا لگا کر ایک بس میں لوٹ مار کی واردات کی، اس دوران ڈاکو کی فائرنگ سے مسافر جاں بحق اور بس کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔
مسافر بس فارورڈ کہوٹہ آزاد کشمیر سے لاہور جا رہی تھی۔ ڈرائیور نے رات گئے اصل روٹ کو چھوڑ کر شارٹ روٹ لینے کی کوشش، جہاں ڈاکوؤں نے ناکا لگا رکھا تھا۔ ڈاکوؤں نے موقع پر پاکر گاڑی کو گھیر لیا اور بس میں چڑھ کر مسافروں سے نقدی، موبائل فون چھین لیے۔
واردات کے دوران ایک مسافر نے ڈاکو کو دبوچ لیا، جس پر اس کے ساتھیوں نے فائرنگ شروع کردی، جس سے ایک مسافر جو سرکاری اہل کار بتایا جاتا ہے جاں بحق ہوگیا جب کہ بس کا ڈرائیور پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
ڈاکو لوٹ مار کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او کہوٹہ انسپکٹر عزیز اسلم نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ جاں بحق مسافر کی لاش اور زخمی ڈرائیور کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔