فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

اسمگلنگ کا خاتمہ کیے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی،شہباز شریف

ایبٹ آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسمگلنگ کا خاتمہ کیے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی، روک تھام کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، عوام کے اربوں ڈالربچائیں گے، آرمی چیف سید عاصم منیر، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پولیس کی معاونت کے شکرگزار ہیں، آرمی چیف پوری طرح ہمیں سپورٹ کررہے ہیں۔

جمعرات کو وزیراعظم شہید کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی کی رہائش گاہ ایبٹ آباد پہنچے جہاں شہبازشریف نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور علی ترمذی کے اہلخانہ سے فاتحہ خوانی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حسنین علی ترمذی نے فرائض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا، شہید سید حسنین علی ترمذی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے اسمگلروں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، حسنین علی ترمذی پوری قوم کا ہیرو ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسمگلرز کا مکمل طورپر خاتمہ یقینی بنائیں گے، اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پوری طرح متحد ہیں، اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، جب تک اس کا خاتمہ نہیں ہوگا ہماری معیشت مضبوط نہیں ہوگی۔ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔