پی ٹی اے کا پی اے جی ای اور انکلوژن لیب کے ساتھ معاہدے پر دستخط

 

اسلام آباد( اُمت نیوز)انٹرنیشنل گرلز ان آئی سی ٹی ڈے 2024کے موقع پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پی اے جی ای) اور دی انکلوژن لیب (ٹی آئی ایل) کے ساتھ پاکستان، آزاد جموں و کشمیر (اے جے اینڈ کے) اور گلگت بلتستان (جی بی) میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت کے تعاون کے نان بائنڈنگ معاہدے پر دستخط کئے۔

پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے ڈیجیٹل عمل میں سماجی شمولیت کے پیش نظر براڈ بینڈ تک رسائی و دستیابی کے لئے اتھارٹی کے عزائم کا اعادہ کیا تاکہ خواتین اور لڑکیاں بامعنی روابط سے مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر جینڈر انکلوژن کمیٹی کی سربراہ ڈائریکٹر وائرلیس لائسنسنگ پی ٹی اے نے خواتین کو ڈیجیٹل ہنر اور انٹرپرینیورشپ ٹریننگ، مالیاتی شمولیت، خواتین کے آن لائن تحفظ اور پاکستان میں غیر مربوط خواتین کو آن بورڈ کرنے کے لیے آگاہی کے ضمن میں پی ٹی اے کے ساتھ تعاون پر شریک اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

پی اے جی ای کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اس اہم اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے کے ساتھ پارٹنر شپ کے ذریعے خواتین اور لڑکیوں کو ضروری ڈیجیٹل مہارتوں سے مزین کرنے، انہیں 21 ویں صدی کی معیشت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور معاشرے میں مکمل طور پر شمولیت کے لئے ہمیں ایک اہم پلیٹ فارم میسر ہو گا۔

سی ای اوٹی آئی ایل نے اس تعاون کو مثبت تبدیلی کا ایک اہم قدم قرار دیا اور ٹیک سیکٹر میں صنفی مساوات کے حصول میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے اہم کردار پر زور دیا، تاکہ ڈیجیٹل دور میں خواتین کے لیڈرز انوویٹرز کے طور پر آگے بڑھنے کے لئے راہیں ہموار کی جا سکیں۔

دستخط کی تقریب میں ٹیلی کام آپریٹرز/ مینوفیکچررز ایرکسن، ہواوے، وطین، سائبر نیٹ، نیاٹیل اور ٹی ڈبلیو اے نے بھی شرکت کی جنہوں نے اس موقع پر نجی شعبے کے عزم اور پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تفریق میں کمی کے لئے پی ٹی اے اور پارٹنرز اداروں کو اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔