ڈیرہ اسماعیل خان : سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کیا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد فہیم نوازعرف گنڈاپوری اور دہشت گرد محسن نواز کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا،ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سمیت بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا ، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔