فائل فوٹو
فائل فوٹو

قرض لینا کامیابی نہیں، نجات پانا کامیابی ہوگی، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی آخری مالیاتی قسط کے اجرا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی 1.1 ارب ڈالرکی آخری قسط ملنے سے پاکستان میں مزید معاشی استحکام آئے گا، 2016 میں میرے قائد نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، یہ ایس بی اے دوسرا پروگرام ہے جو مکمل ہورہا ہے۔

نہوں نے کہا کہ 16ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں آئی ایم ایف سے یہ معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا، پاکستان کے معاشی تحفظ کے لیے تلخ اور مشکل فیصلے کئے ان فیصلوں کے ثمرات معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آرہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا ہے، پوری جان لڑائیں گے اور پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ قرض لینا کامیابی نہیں،کامیابی اس دن ہوگی جس دِن قرض سے نجات پائیں گے، درست سمت میں تسلسل سے محنت جاری رہی تو معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف کا بھی شکریہ جنہوں نے پاکستان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا۔