سکھر: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہےکہ پاکستان بھر میں نادرا سینٹرز پر30 منٹ سے زیادہ شہریوں کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا، ہرپاکستانی شہری کے پاس شناختی کارڈ دیکھنا چاہتا ہوں۔
لاہورکے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سکھر پہنچ گئے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر سکھرکے بغیراطلاع اچانک دورے کئے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ سکھر شہر کے اندراور روہڑی میں 3 ماہ کے اندر 2 نئے نادرا دفاتر بنائے جائیں گے۔ملک بھر میں نادرا سنٹرز پر30 منٹ سے زیادہ شہریوں کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا،ہرپاکستانی شہری کے پاس شناختی کارڈ دیکھنا چاہتا ہوں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے رکی ہوئی عمارت کو مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکیا،وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ آفس کی عمارت کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کوٹاسک دے دیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ پاسپورٹ آفس اس ابتر عمارت میں کسی طرح قابل قبول نہیں،شہریوں کی سہولت کیلئےپاسپورٹ آفس شہر کے مرکز میں ہونا چاہئے۔ پاسپورٹ آفس سکھر کی کرائے کی خستہ حال عمارت میں صفائی کا ناقص انتظام تھا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ آفس موجود شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے، محسن نقوی نے پاسپورٹ بنوانےکیلیے آئی خواتین سے بھی گفتگو کی۔