ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلیے رابطے جاری رکھیں گے، فائل فوٹو
ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلیے رابطے جاری رکھیں گے، فائل فوٹو

پاکستان کسی غیر ملکی حکومت کو اڈے فراہم نہیں کرے گا، پاکستان

اسلام آباد:  دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی غیر ملکی حکومت کو اڈے فراہم نہیں کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان کے امریکا اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے ساتھ قومی مفاد میں اپنے تعلقات کو بڑھائیں گے، پاکستان، چین اور ایران سہ فریقی مذاکرات اہم ہیں، ابھی تک ان مذاکرات کی تاریخ طے نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینلز ہیں، ایران کے ساتھ تعاون بڑھانے کیلیے رابطے جاری رکھیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارتی نیٹ ورک کئی دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں متحرک تھا، بھارتی ماورائے عدالت قتل نیٹ ورک دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، پاکستان نے بھارتی ایجنٹس کے حملوں کے شواہد دنیا کے سامنے رکھے، بھارتی عمل غیرقانونی اور عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔