کراچی: سندھ کابینہ نے رینجرز کی کراچی میں تعیناتی کی مدت میں 6ماہ کی توسیع کی منظور دیدی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزرا ، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، وزیرِ اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری اور دیگر نے شرکت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ رینجرز کی کراچی میں تعیناتی 13 جون 2024 تا 9 دسمبر 2024 تک ہے، رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت اختیارات حاصل رہیں گے۔
کابینہ نے گزشتہ کابینہ اجلاس کے منٹس منظور کر لیے اور سپریو بند، خدا بخش واہ خیرپور ناتھن شاہ، رائس کینال ڈویژن میں مرمتی کام کی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ نے کراچی، حیدرآباد اور جامشورو ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کو گرانٹ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) میں اوورسیز کمیٹی کی جگہ گورننگ باڈی بنانے کی منظوری دے دی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نارتھ ناظم آباد میں 45371 اسکوائر یارڈ پلاٹ کو اسٹیمپ ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، بوہری کمیونٹی پلاٹ پر یونیورسٹی بنانا چاہتی ہے۔