اسلام آباد(اُمت نیوز)پنجاب میں گندم کی خریداری کے حوالے سے بحرانی کیفیت پیدا ہونے کے معاملےپر مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین آج ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قائد نواز شریف اور پارٹی صدر و وزیر اعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے، نواز شریف نے آج ہی شہباز شریف کو طلب کر لیا،مسلم لیگ ن کے مرکزی قائدین کی بیٹھک سہ پہر 2 بجے پارٹی سیکرٹریٹ میں ہو گی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ اہم بیٹھک میں رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف سمیت سینئر رہنما شریک ہوں گے،صوبائی وزراء اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور عہدیدار بھی شریک ہوں گے جبکہ مشاورتی اجلاس میں گندم کی خریداری کے معاملے پر پارٹی قائدین کو بریفگ دی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گندم کی خریداری کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی تھی۔