اسرائیلی فوج کی رفح پربمباری، 19 فلسطینی شہید

 

غزہ (اُمت نیوز ) غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تھم نہ سکا ، اسرائیلی بمباری سے رفح میں 19 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے رفح پر بمباری کی اور دو مختلف مقامات پر دو الگ الگ مکانوں کو نشانہ بنایا، اسرائیلی بمباری سے ہونے والی نئی ہلاکتوں کی غزہ میں قائم وزارت صحت نے بھی تصدیق کر دی۔

عرب میڈیا کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے پہلی بمباری اس وقت کی جب فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کرم شالوم راہداری میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے تین کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیلی فوج نے رفح پر بمباری کرتے ہوئے ایک مکان کو نشانہ بنایا اور تین فلسطینی اہل خانہ کو شہید کرنے کے علاوہ متعداد افراد کو زخمی کر دیا۔

بعد ازاں اسرائیلی فوج نے اپنے اس حملے کو جوابی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرم شالوم راہداری میں تین اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فوج نے اس بمباری کے نتیجے میں اس جگہ کو نشانہ بنایا یہے جو راکٹ لانچنگ کے لیے استعمال کی گئی تھی، اس لانچنگ پیڈ اور اس کے ساتھ ہی واقع حماس کے انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے دوسری بار اتوار ہی کے روز رفح پر کی گئی بمباری رات کے وقت کی گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی شہید کر دیئے گئے ، رفح پر بمباری کے دونوں واقعات اتوار کے روز ہی پیش آئے ہیں ۔

تاہم آج (بروز پیر) فلسطینی وزارت صحت نے دو بار کی گئی اس بمباری کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں واقعات میں مجموعی طور 19 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جنگ کے دوران اب تک کل فلسطینی شہریوں کی تعداد34700 سے متجاوز ہو گئی ہے۔