77 ارب کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا ہے، فائل فوٹو
77 ارب کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا ہے، فائل فوٹو

میئر کراچی نے پانی کا مسئلہ حل کرنے کی خوشخبری سنا دی

 کراچی: میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں حب کنال سے اضافی پانی لانے کا منصوبہ منظور ہوگیا ہے۔

واٹر کارپوریشن کے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی والوں کو آج بڑی خوش خبری دے رہے ہیں، کراچی میں حب کنال سے اضافی پانی لانے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حب کنال سے پانی لانے والی کنال خستہ حال ہو چکی ہے، ہم حب کنال سے نئی کنال بنا رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ منصوبے سے کراچی والوں کو 100 ایم جی ڈی پانی اضافی ملے گا جبکہ اس سے قبل بھی 100 ایم جی ڈی کی کنال موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 ارب سے 200 ملین گیلن پانی کی حب کنال بنے گی، 12 مہینے میں 200 ملین گیلن پانی کا منصوبہ تیار ہو جائے گا۔

میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ کل صبح بورڈ کا خط وزیر اعلیٰ سندھ کو پہنچ جائے گا، واپڈا سے بات ہو گئی ہے اب یہ مسئلہ حل ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں کیماڑی، بلدیہ کے عوام کو اس سے پانی ملےگا، کے فور سے وفاقی حکومت کینجھر سے پانی لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ ایک 77 ارب کا منصوبہ ایکنک کو بھیج دیا ہے، نئی پائپ لائن کے ساتھ سڑکوں کی بھی مرمت ہوگی.