پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن آج چاند کے مدار میں پہنچے گا

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان کا پہلا قمری مشن کامیابی کی راہ پر گامزن ہے، آئی کیوب قمر کو آج چاند کے گرد مقررہ مدار میں چھوڑا جائے گا۔

آئی کیوب قمر چانگ ای 6 کی مدد سے چاند کے قریب پہنچ چکا ہے، پاکستانی وقت کے مطابق آئی کیوب قمر شام ساڑھے 6 بجے کے بعد کسی وقت ڈپلائے کیا جائے گا۔

پاکستانی خلائی سائنسدان ڈاکٹر خرم خورشید اور ڈاکٹر قمر الاسلام چین میں موجود ہیں، آئی کیوب قمر کی ڈپلائمنٹ سے پہلے ایس او پیز کے مطابق تمام ذیلی سسٹمز کا جائزہ لیا جائے گا، سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے پہلے تمام ذیلی نظاموں کی تصدیق میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر 15 یا 16 مئی تک موصول ہو نے کا امکان ہے، چانگ ای 6 مشن چاند کی کشش ثقل کے زیر اثر قمری مدار میں داخل ہو چکا ہے۔

اگلے مرحلے میں چانگ ای 6 کے لینڈر اور اسینڈر کو چاند کے جنوبی قطب کی عقبی جانب لینڈ کروایا جائے گا، چانگ ای 6 مشن سے مین لینڈر 1 جون کو علیحدہ ہوگا جبکہ چانگ ای 6 مشن 2 جون کو قمری سطح سے مٹی اور چٹانوں کے سیمپلز جمع کرے گا۔

چانگ ای 6 مشن چار جون کو واپسی کا سفر شروع کرے گا اور 6 جون کو چانگ ای 6 مشن ڈاکنگ کرے گا، پروگرام کے مطابق چانگ ای 6 مشن 53 روزہ مشن مکمل کرنے کے بعد 25 جون کو زمین پر واپس لینڈ کرے گا۔