لوٹا ہوا مینڈیٹ واپس لے کر حکومت بنائیں گے، جس کے وزیرِ اعظم بانی پی ٹی آئی ہوں گے، فائل فوٹو
لوٹا ہوا مینڈیٹ واپس لے کر حکومت بنائیں گے، جس کے وزیرِ اعظم بانی پی ٹی آئی ہوں گے، فائل فوٹو

اتنی بڑی سیاسی جماعت کو ٹولہ کہنا غلط ہے، علی محمد خان

راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ اتنی بڑی سیاسی جماعت کو ٹولہ کہنا سراسر غلط ہے۔غلطیاں دونوں طرف سے ہوسکتی ہیں۔ ہمیں تو ایک سال میں بھی نہیں پتا چلا کہ 9 مئی کس نے کرایا۔ ایک پرامن سیاسی جماعت کو دہشت گردی کا ٹیگ لگایا گیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔آپ تیز آزمائیں ہم اپنا جگر آزمائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ عمران خان نے ایک نسل کو پاکستان کی محبت میں پروان چڑھایا۔ ماضی میں ایک وزیر اعظم لیاقت باغ میں شہید ہوا، دوسرا پھانسی چڑھا دیا گیا جبکہ تیسری کو شہید کردیا گیا یہ سب ملک دشمنوں نے کرایا، ایک منتخب حکومت کو بین الاقوامی قوت کی ایماءپر ختم کردیا گیا۔

علی محمد خان نے کہا کہ ہماری توقع تھی 8 فروری کو فری اینڈ فیئر الیکشن ہوگا۔جب آپ ایسے بات کریں گے تو جواب آئے گا۔آئیں ٹیبل پر بیٹھیں بات کریں۔چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن بنائیں اور 8 فروری کی تحقیقات کرائیں۔ یہ فوج ہماری ہے، ہم فوج کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اگر یہ رویہ ہوگا تو کیا پھر بات ہوگی۔

علی محمد خان نے کہا کہ اگر عمران خان کو سائیڈ لائن کریں گے تو ایسا نہیں ہوسکتا ہے، آئین اور ایٹم بم کی طرح عمران خان بھی پاکستان کے لئے ضروری ہے۔