راولپنڈی: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان قلمبند جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی جبکہ عدالت نے سابق وزیر اعظم کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست بھی منظور کرلی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی۔
اس موقع پر عمران خان اور بشری بی بی کو اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ان کے وکلاء سلمان صفدر اور ظہیر عباس عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان ریکارڈ اور ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی گئی۔
بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر مزید گواہوں کے بیان قلم بند کیے جائیں گے جبکہ جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا کی جانب سے گواہوں پر جرح کی جائے گی۔
دریں اثناء احتساب عدالت نے عمران خان کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست بھی منظور کرلی۔
واضح رہے کہ 3 مئی کو گزشتہ سماعت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ایک گواہ کا بیان قلمبند جبکہ ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی تھی۔