کراچی: اورنگی ٹاون میں ایم کیو ایم کے سابق ایم پی اے کی امتحانی مرکز میں مداخلت کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ایکشن لیتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی صداقت حسین کی بنیادی رکنیت معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے ڈسپلنری ایکشن لیتے ہوئے اورنگی ٹاؤن میں امتحانات میں نقل کرانے کے لیے خاتون ٹیچر پر تشدد کرنے کے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر صداقت حسین کی تنظیم کی بنیادی رکنیت معطل کر دی۔
ایم کیو ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن کے اسکول میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نقل مافیا کے خلاف سب سے مضبوط آواز ہے۔
ایم کیو ایم کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ایم کیو ایم کسی بھی کارکن کو یہ اجازت نہیں دیتی کہ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بنے۔
ترجمان ایم کیو ایم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اورنگی ٹاؤن کے ایک اسکول میں ایم کیو ایم رہنما صداقت حسن کی جانب سے نقل کرانے کے لیے خاتون ٹیچر کو ہراساں و تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔