مظفرآباد (اُمت نیوز) آزاد کشمیر میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے، کاروباری مراکز بند، پہیہ جام ہڑتال ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک پُرتشدد رخ اختیار کرگئی، کشیدگی کے باعث آزاد کشمیر بھر میں انٹرنیٹ سروس گزشتہ رات سے معطل ہے، دارالحکومت مظفرآباد میں کاروباری مراکز بند ، پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔
جب تک ہمارے مطالبات پر سو فیصد عملدرآمد نہیں ہوگا، غیر معینہ مدت تک شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہڑتال جاری رہے گی، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے واضح اعلان کردیا۔
واضح رہے میرپور میں گزشتہ روز مظاہرہ خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی، گولی لگنے سے سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید ہو گئے، جبکہ مظاہرین کے پتھراؤ سے ایس پی خاورعلی ، تحصیلدار رضوان لطیف سمیت 28اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔