غزہ جنگ بندی کیلئے امریکی صدر کی مشروط پیشکش

 

امریکا(اُمت نیوز)امریکا،اسرائیل کی پشت پناہی سے باز نہ آیا ،اسرائیلی فوج کی طرف سے ہزاروں معصوم فلسطینیوں کے قتل کے بعدامریکی صدر نے غزہ جنگ بندی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے مشروط کردی۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ حماس یرغمالیوں کو رہاکرتا ہے توکل ہی جنگ بندی ہوجائےگی اور اگر اسرائیل نے رفح پر چڑھائی کی تو اسے ہتھیار فراہم نہیں کریں گے۔معصوم شہریوں کے قتل عام کے لیے توپ خانے اورگولہ بارود اسرائیل کو نہیں دیں گے۔

دوسری جانب رفح سے جبری انخلا ور شمالی و وسطی غزہ پر شدید بمباری جاری ہے۔جبالیہ کیمپ پر تازہ اسرائیلی بمباری سے جانی نقصان کے خدشات ہیں جب کہ اسرائیلی فوج نے رفح کےمشرقی اور وسطی علاقوں سے فلسطینیوں کو نکلنے کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ 3 لاکھ فلسطینیوں کا انخلا کرادیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رفح میں بڑا آپریشن روکنے کے لیے امریکا نے اسرائیل کو حماس رہنماؤں سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔یورپی یونین نے رفح سے جبری انخلا ناقابل برداشت قرار دے دیا جب کہ عرب ممالک نے غزہ پٹی کا انتظام سنبھالنےکی اسرائیلی تجویز مسترد کردی۔