نئی دہلی: بی سی سی آئی نے بھارتی وکٹ کیپر ریشبھ پنت کو ایک میچ کے لیے معطل کرتے ہوئے ان پر 30 لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کردیا۔
آئی پی ایل 2024 کے دوران دہلی کیپٹلز کے کپتان کو سلو اوور ریٹ کی بنا پر ایک میچ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔ وہ رائل چینلجرز بنگلورو کے خلاف اگلا میچ نہیں کھیل سکیں گے جبکہ ان کی ٹیم کو فائنلز کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔
راجھستان راہلز کے خلاف میچ میں دہلی کے کپتان لگاتار تیسری بار سلو اوور ریٹ کے مرتکب پائے گئے تھے جس کی بنا پر انھیں کڑی سزا سنائی گئی ہے۔انڈین پریمیئر لیگ کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر انھیں اہم میچ کے لیے معطل کرنے کے ساتھ ساتھ 30 لاکھ بھارتی روپے بھی بطور جرمانہ بھرنا پڑے گا۔
دہلی کیپٹلز نے میچ ریفری کی جانب سے ریشبھ کی ایک میچ کے لیے معطلی اور جرمانے کے خلاف اپیل کی تھی تاہم بی سی سی آئی کے محتسب نے ان کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔بھارتی بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چونکہ یہ ان کی ٹیم کا اس سیزن کا تیسرا سلو اوور ریٹ تھا جو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں شمار ہوتا ہے۔ اس لیے رشبھ پنت پر 30 لاکھ روپے جرمانہ اور انھیں ایک میچ کے لیے معطل کیا جاتا ہے۔
پلیئنگ الیون کے باقی ممبران بشمول امپیکٹ پلیئر، ہر ایک کھلاڑی پر انفرادی طور پر 12 لاکھ روپے یا ان کی متعلقہ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔