حیدر آباد : سندھ کے وزیرِ اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اہلِ سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ اب حکومت کو تجاویز کارکن دیں گے۔
صوبائی کابینہ کے ارکان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی امانت ہیں۔ بلاول بھٹو نے انتخابی مہم کے دوران 10 نکاتی ایجنڈا دیا تھا۔ یہ ایجنڈا پورے ملک کے لیے تھا۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم 2022 کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے 21 لاکھ مکانات کی تعمیر کا مںصوبہ تیار کیا تھا۔ ان مکانات کی تعمیر کے لیے مکمل فنڈنگ کا انتظام ہوچکا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ اہلِ سندھ کو سیلاب سے محفوظ رکھنے کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کراچی میں صحتِ عامہ سے متعلق سہولتوں کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کسان کارڈ کے اجرا کی طرف جارہی ہے۔ عوام کو مفت بجلی کی فراہمی کے حوالے سے بھی کام کیا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو نے 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے جلد بڑا اعلان ہوگا۔ تھر سے کوئلہ برآمد کرنے کے اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔ اکنامک زونز کے منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔
سندھ کے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ انسدادِ منشیات کے لیے سخت مہم چلائی جارہی ہے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت ہر سیاسی جماعت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ گورنر وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے۔ گورنر کے تقرر کا اختیار وزیر اعظم کو حاصل ہے۔