16مئی سے پیٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پر ریلیف کا امکان

اسلام آباد(اُمت نیوز)رواں ماہ پاکستانیوں کو دوسری بار خوشخبری ملے گی،16مئی سے پیٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پر ریلیف کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اگلے 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 13روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 8سے 9.50روپے فی لیٹر کی کمی ہو سکتی ہے۔

انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت توانائی کے سینئر حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق 16مئی 2024سے پیٹرول کی قیمت میں 13روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 8 سے 9.50روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے جیسا کہ عالمی قیمتیں بڑے پیمانے پر گر گئی ہیں جیساکہ ایران اسرائیل میزائل حملے ختم ہونے اور بحیرہ احمر میں کشیدگی میں کمی کے بعد مشرق وسطیٰ میں استحکام لوٹ آیا ہے۔

حکومت کی طرف سے یہ موجودہ مہینے میں لگاتار دوسرا ریلیف ہوگا جیساکہ یکم مئی 2024سے حکام نے موٹر اسپرٹ (ایم ایس) کی قیمت کو 5.45روپے فی لیٹر کم کرکے 293.94 روپے فی لیٹر سے کم کرکے 288.49روپے فی لیٹر کر دیا۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی یکم مئی سے 8.42 روپے فی لیٹر کم ہوکر290.38روپے سے کم ہوکر 281.96روپے ہو گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ امدادی منصوبوں پر ابتدائی تخمینوں کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں پی او ایل مصنوعات کی گزشتہ 10دنوں کی تجارت کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا گیا ہے۔ تاہم اگلے دو دنوں میں ریلیف کے بارے میں تخمینہ مزید پختہ ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ اس وقت حکومت پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی کے طور پر 60روپے فی لیٹر بھی وصول کر رہی ہے جبکہ ڈیلرز کو دونوں مصنوعات پر 8.64فی لیٹر کا مارجن مل رہا ہے۔تاہم ضلعی مارجن (اضافی مارجن سمیت) پٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر 7.87روپے بھی وصول کیے جاتے ہیں۔