مظفر آباد (اُمت نیوز)عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما و چئیرمین مرکزی انجمن تاجران شوکت نواز میر نے کہا کہ ایک سال کی جدوجہد کے بعد عوامی حقوق کے حصول میں کامیاب ہوئے ہیں۔
مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت نواز میر کا کہنا تھا کہ سستی بجلی، سستا آٹا اور طبقہ اشرافیہ کی مراعات میں کمی جیسے بنیادی نکات منوا لئے، آزاد کشمیر کی عوام نے بلا تخصیص اس تحریک کو کامیاب بنایا۔
جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبات کی منظوری کے بعد شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال ختم کردی،جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطابق گزشتہ روز ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے تین بجے تک سوگ رہے گا ، تین بجے کے بعد شٹر ڈاؤن ، پہیہ جام ہڑتال ختم تصور ہوگی ۔
آزاد جموں و کشمیر حکومت نے مطالبات تسلیم کر لئے ہیں جس کے بعد اب احتجاج کا کوئی جواز باقی نہیں ہے ، دارالحکومت سے قافلے واپس گھروں کو روانہ ہونے لگے۔
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کیا جانے والا احتجاج کامیاب ہوگیا ، پُر تشدد احتجاج پر وزیرِاعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں وزیرِ اعظم انوارالحق اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔