اسلام آباد (اُمت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلبہ پر ہونے والے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلباء کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستانی سفارت خانے نے ایمرجنسی نمبر فراہم کر دیئے اور صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کرغزستان میں طلباء پر ہجوم کے حملوں کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستانی طلباء کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کرغز حکام سے رابطہ قائم کیا ہے، کرغزستان میں اپنے سفیر کو مکمل سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یاد رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک کے مقامی اور غیر ملکی طلبہ میں جھگڑے کے بعد ہنگامہ آرائی ہوئی، پاکستانی طلبہ بھی ہنگاموں کی زد میں آگئے اور مشتعل کرغز طلبہ نے پاکستانی طلبہ کے ہاسٹلز پر حملے کر دیئے جن میں متعدد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos