لاہور: کرغستان کی حکومت کی درخواست پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت پاکستانی وفد کا دورہ بشکیک منسوخ کر دیا گیا۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ کرغزستان کے وزیر خارجہ نے درخواست کی کہ ہم پر یقین رکھیں کہ حالات معمول پر ہیں اس لیے نہ آئیں جبکہ کرغزستان کے سفیر نے کہا کہ گارنٹی دیتا ہوں کہ کوئی پاکستانی طلبہ واقعے میں ہلاک نہیں ہوا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو تصدیق کے لیے وزارت خارجہ کے کسی سینیئر افسر کو بھجوایا جا سکتا ہے البتہ وہاں نہ خوفناک صورت حال تھی اور نہ ہے، دن میں دو چار بار وہاں کے حالات مانیٹر کریں گے۔ اگر بچے واپس آنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی تیار ہیں آج رات تک 840 لوگ آجائیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر میں نے اور امیر مقام نے ساتھ جانا تھا لیکن کرغز حکومت نے درخواست کی کہ آپ سینیئر لوگ ہیں جس پر اپوزیشن ہوا دے گی لہٰذا آپ نہ آئیں۔