امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد ایران نے امریکا سے مدد طلب کی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر سرکاری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں نئے صدر کا انتخاب ہو گا، اس موقع پر ہم ایرانی عوام کی انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کیلئے جدوجہد کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں
امریکی ترجمان نے ایران کی درخواست پر مدد فراہم کرنے بارے تفصیلات سے گریز کیا تاہم کہا کہ ایرانی حکومت خراب موسم میں 45 سال پرانا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے فیصلے کی ذمہ دار ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت نے اپنے ہوائی جہازوں کو دہشتگردی کو سپورٹ کرنے کیلئے استعمال کیا، ایران پر لگائی گئی پابندیوں کیلئے بالکل معذرت نہیں کریں گے،ایرانی حکومت پر پابندیاں جاری رکھیں گے۔