لاہور،مطالبات کی منظوری کیلئے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سراپا احتجاج

لاہور (اُمت نیوز) پنجاب بھر کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز سڑکوں پر نکل آئے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈاکٹرز نے مطالبات کی منظوری کیلئے فیروزپور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ اور کنال روڈ کو بند کر دیا۔

احتجاجی ڈاکٹرز کا مطالبہ ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کو پورا کیا جائے، ری ویمپنگ کے نام پر لوٹ مار ختم کی جائے اور ہسپتالوں کا آڈٹ کرایا جائے، ایڈہاک کو ریگولرائز کیا جائے اور کنٹرکٹ ری نیوئل پر بے جا پابندیوں کو فی الفور ختم کیا جائے۔

ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹروں کی دیہاڑی پر بھرتی کو بند کر کے مستقل بھرتی کی جائے، ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ اور سپریم کورٹ کے حکم پر ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس دیا جائے، ڈاکٹروں کی بے جا ٹرانسفر پوسٹنگ کو فی الفور بند کیا جائے۔

احتجاجی مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ہاؤس آفیسرز کی تعیناتی 2003 کی پالیسی کے مطابق کی جائے، محکمہ صحت کی ڈسپنسریوں کو ڈسپنسرز کے حوالے کرنا اطائیت کو بڑھانا ہے، ڈسپنسریوں میں ڈاکٹرز کی سیٹوں کو فوراً بحال کیا جائے اور جن کو ملازمت سے فارغ کیا گیا ہے ان کو بحال کیا جائے۔

ینگ ڈاکٹر کا مزید کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری کو مد نظر رکھتے ہوئے پوسٹ گریجوایٹ ٹرینرز کی تعداد کو بڑھایا جائے، فی الفور ڈاکٹرز کی اسامیوں کو بڑھایا جائے اور میڈیکل آفیسرز کو تعینات کیا جائے، ہسپتالوں میں ڈاکٹر کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے سکیورٹی بل نافذ کیا جائے۔

دوسری جانب ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث روڈ بلاک ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔