اسلام آباد: کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز(سی پی این ای) کی راولپنڈی اسلام آباد( فیڈرل) کمیٹی نے ہتک عزت (Defamation) قانون پنجاب 2024کو مسترد کردیا۔
چیئرمین سی پی ای این راولپنڈی اسلام آباد سردار خان نیازی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں متفقہ قرارداد پیش کی گئی کہ ہتک عزت (Defamation) قانون پنجاب 2024کو اس وقت تک قبول نہیں کیا جائے گا جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے انھیں اعتماد میں نہ لے لیا جائے۔
شرکا اجلاس نے اس معاملے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے ملاقات کرکے انھیں بھی اس معاملے میں حقائق سے آگاہ کرنے اور اعتماد میں لینے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں سندھ میں 181 اخبارات کو ڈی لسٹ کیے جانے کی بھی مذمت کی ۔
اس کے علاوہ اجلاس میں پی آئی ڈی کی جانب سے ماہنامہ میگزینوں کو کم اشتہار دینے کا معاملہ بھی زیربحث آیا ،جس پر فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے کو پی آئی ڈی کے سامنے رکھا جائے گا۔اجلاس میں اخبارات وجرائد کی سرکولیشن فارمولے میں تبدیلی بارے امور پر بھی غور کیا گیااور فیصلہ کیا گیا کہ سرکولیشن فارمولے میں تبدیلی وقت کی ضرورت ہے اس معاملے کو بھی پی آئی ڈی کے سامنے رکھا جائیگا۔
اجلاس میں یحییٰ خان سدوزئی ،طاہر فاروق،ممتاز احمد صادق،را خالد محمود،تزئین اختر،میاں فضل الہی،قسور جمیل روحانی،سفیر حسین شاہ،محمد علی زنجانی اور محمد حسن شاہ نے شرکت کی۔