راولپنڈی: افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ، بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 29 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک افغان سرحد سے دہشت گردوں کے پاکستان میں داخل ہونے کے معاملے پر پاک افغان سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیے۔
آپریشن بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 21 اپریل کے بعد کیے گئے، ایک ماہ کے آپریشنز میں 29 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ 14 مئی کو میجر بابر خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے سرحدوں کو محفوظ بنانے کا عزم بنا رکھا ہے، سیکیورٹی فورسز شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلیے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت کو مؤثر سرحدی انتظام قائم کرنے کا کہہ رہا ہے، امید ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افغان عبوری حکومت دہشتگردوں کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکے گی۔