اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے بعد میاں اسلم اقبال کو بھی منظر عام پر آنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے حماد اظہر اور میاں اسلم اقبال کو حکومت مخالف تحریک چلانے کیلئے منظر عام پر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید تاحال روپوش ہی رہیں گے۔
دوسری جانب حماد اظہر تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچے، انہوں نے کہا کہ کل مجھے بانی تحریک انصاف کا پیغام موصول ہوا کہ اب آپ کے باہر آنے کا وقت ہوگیا ہے۔
رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے کہا کہ یہاں سے پشاور جا کر قبل از گرفتاری ضمانت لے کر عدالت میں پیش ہوں گا، اب دیگر روپوش رہنما باہر آئیں گے۔
حماد اظہرکے سینٹرل سیکرٹریٹ آمد کے بعد اسلام آباد پولیس بھی پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ پہنچ گئی لیکن حماد اظہر آدھا گھنٹہ قبل ہی سینٹرل سیکرٹریٹ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گئے۔
پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ کے مرکزی دروازے کو اسلام آباد پولیس نے بند کر دیا، پی ٹی آئی سینٹرل سیکرٹریٹ میں اقوام متحدہ کا وفد پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کی، پی ٹی آئی قیادت اور اقوام متحدہ وفد سینٹرل سیکرٹریٹ کے اندر موجود ہے۔