اسلام آباد(اُمت نیوز) اقوام متحدہ کے وفد نے گزشتہ روز حملے میں زخمی ہونے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن سے ملاقات کی اور اُن کی خیریت دریافت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کا پانچ رکنی وفد رؤف حسن سے ملاقات کے لیے تحریک انصاف کے اسلام آباد میں قائم مرکزی سیکریٹ پہنچا جہاں وفد نے پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کی خیریت دریافت کی۔
اطلاعات کے مطابق یو این وفد میں تین لوگ نیویارک اور دو اسلام آباد آفس سے تھے۔ ملاقات میں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سیکریٹری جنرل عمر ایوب، خالد خورشید اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
قبل ازیں رؤف حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر خواجہ سراؤں نے حملہ نہیں کیا بلکہ حملہ آور بہت ہی تربیت یافتہ تھے اور اُن کا مقصد میرا گلا کاٹنا تھا تاہم وہ ناکام رہے جبکہ خواجہ سراؤں نے بھی حملے سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ ہمیں جان سے ماردیں مگر ہم اپنی جدوجہد اور بیانیے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔