کراچی سمیت سندھ میں گرمی کا دورانیہ جون کے پہلے ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق بالائی سطح پر موجود ہوا کے زائد دباؤ سے ملک کے اکثر مقامات ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔سردار سرفراز نے بتایا کہ جون کے پہلے ہفتے تک گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے، کراچی میں مئی میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ہونے کا امکان نہیں جبکہ شہر میں آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے اور بالائی سندھ میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ کل تک ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے، کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوکر آئندہ آنے والے دنوں میں سمندری طوفان بن سکتاہے جبکہ خلیج بنگال میں موجود ہوا کے کم دباؤ کا پاکستان کے موسم پر کوئی اثر نہیں۔سندھ اور پنجاب میں جہاں گرمی کی شدت بڑھتی جا رہی ہے، وہیں اب ہیٹ ویو کے حوالے سے بھی خبریں وائرل ہو رہی ہیں۔
صوبہ سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ ملک کے مخلتف علاقوں میں بھی گرمی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 23 مئی کو بھی سندھ اور پنجاب میں دن کے درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہیں گے، جبکہ 23 سے 27 مئی کے دوران درجہ حرارت میں 6 سے 8 ڈگری معمول سے زیادہ رہیں گے۔اس دوران کئی علاقوں میں ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، ذرائع کے مطابق نواب شاہ میں آج پارہ 51، سکھر میں 49 تک پارہ جا سکتا ہے۔
وسری جانب ملتان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ، لاپور میں 45، اسلام آباد میں 42 اور پشاور میں 44 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔جبکہ شہر قائد میں بھی درجہ حرارت 38 ڈگری تک جا سکتا ہے، تاہم محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 43 ڈگری ہو سکتا ہے۔ گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی پارہ 38 جبکہ مظفر آباد میں 41 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، جبکہ بلا ضرورت گھر سے باہر نکلنے بھی منع کیا گیا ہے۔