کراچی : پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ملازمین پھر رل گئے،5،5 ماہ کی تنخواہوں سے محروم، کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
لاہور ہیڈ کوارٹر اور کراچی میں عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹدیم میں کام کرنے والے درجنوں ملازمین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ،ملازمین نے واجبات جلد ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) طارق بگٹی اور سیکریٹری رانا مجاہد 1 ماہ سے آفس سے غائب ہیں، دونوں نے قومی ٹیم کے کیمپ کے بہانے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔
دونوں حکام کی غیر حاضری سے پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر لاہور میں ویرانیوں کے ڈیرے ڈال لیے ہیں، عید قریب آرہی ہے مگر ہاکی فیدریشن اسٹاف ابھی تک 5 ماہ کی تنخواہ کے منتظر ہیں۔
عید الفطرپر ملازمین کو 3، 3 ماہ کے واجبات ضرور ادا کیے گئے، مگر ابھی تک مئی کی تنخواہ سمیت مجموعی طور پر5، 5 ماہ کی تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔ملازمین نے واجبات جلد ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔