اسلام آباد :دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بشکیک سے آنے والے طلبا اپنی مرضی سے پاکستان واپس آ رہے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ بشکیک میں پاکستانی طلبا حملوں کے بعد عدم تحفظ اور ٹراما کا شکار ہوئے۔ جس سنسنی خیز انداز میں فیک نیوز اورغلط اطلاعات پھیلائی گئیں اس وجہ سے خوف میں اضافہ ہوا۔ ریپ اور قتل تک کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں جن کی وجہ سے طلبا نے حکومت سے درخواستیں کیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ طلبا کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے حکومت کو ان کے انخلا کے انتظامات کرنا پڑے۔ طلبا اپنی یونیورسٹیز اور والدین سے مشاورت کے بعد واپس جانے یا نہ جانے کا فیصلہ خود کریں گے۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ جو طلباء واپس آنا چاہتے ہیں ان کو وطن واپس لایا جائے۔