فائل فوٹو
فائل فوٹو

پشاور میں فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک، کیپٹن اور جوان شہید

پشاور: آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا۔

فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ سے فورسز کی ٹیم کے سربراہ کیپٹن اورایک جوان شہید ہوگیا۔

کیپٹن حسین جہانگیر شہید کا تعلق ضلع رحیم یار خان سے اور ان کی عمر 25سال تھی۔ کیپٹن حسین نے 4سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کیلیے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔

حوالدار شفیق اللہ شہید ضلع کرک کے رہائشی اور عمر 36سال تھی۔ انہوں نے 18 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کیلیے خدمات سر انجام دیں اور سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور 2 بیٹیاں چھوڑے۔

کیپٹن حسین جہانگیر شہید کی نماز جنازہ ادا

دوسری جانب ضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حسین جہانگیر شہید (عمر؛ 25 سال، ساکن ضلع رحیم یار خان) اور حوالدار شفیق اللہ شہید (عمر؛ 35 سال، ساکن ضلع کرک) کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کے افسران، سول حکام، عوام اور جوانوں کی شرکت

شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دیےگئے جہاں ان کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا،پاکستان کی مسلح افواج قوم کے شانہ بشانہ دہشتگردی کےخاتمےکے لیے پرعزم ہیں۔