مکہ مکرمہ: رواں سال پہلی مرتبہ سورج کَل عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، اس دوران قبلہ رخ کا تعین کیا جاسکے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سورج کے گِرد زمین کی گردش کے دوران کبھی کبھار سورج عین خانہ کعبہ کے برابر اوپر آجاتا ہے۔ رواں سال یہ پہلا واقعہ ہے جب سورج خارجہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا، سال میں ایسا دو بار ہوتا ہے۔
فلکیاتی سوسائٹی کے نگران انجینئرماجد آل زاھرہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق سورج کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا وقت دوپہر 12 بج کر 18 منٹ بتایا گیا ہے۔ سورج 90 ڈگری پر ہو گا جس کی وجہ سے خانہ کعبہ اور کسی بھی مجسم عمارت یا دیگر اشیا کا سایہ نہیں ہوگا۔
دوسری طرف سورج کے عین خانہ کعبہ کے اوپر آنے پر قبلہ کے رخ کا تعین بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ایک لکڑی کو زمین میں گاڑا جاتا تھا اور جب اس کا سایہ ظاہر ہوتا تو اس کی مخالف سمت کو کعبہ کی سمت کے طور پر تعین کیا جاتا ہے۔