لاہور (اُمت نیوز) پی ڈی ایم اے نے 28 جولائی سے یکم جون کے درمیان لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 28 مئی سے یکم جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش کا امکان ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان نے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور منڈی بہاؤالدین میں آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بادل برسیں گے۔
اسی طرح لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں بھی بارش اور طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں بھی محکمہ موسمیات نے یکم جولائی تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، مغربی ہوائیں 28 مئی کو ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوں گی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ 28 سے 29 مئی کے دوران بلوچستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ مئی سے یکم جون کے درمیان اسلام آباد اور مری سمیت پنجاب کے بیشتر مقامات پر آندھی جھکڑ کیساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے یکم جون کے درمیان خیبرپختونخوا کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پر آندھی، جھکڑ اور بارش کا امکان ہے، بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو بدستور برقرار رہے گی۔
ادھر صوبائی دار الحکومت لاہور میں آج بھی سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 جبکہ زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق باغوں کے شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 29 فیصد تک جا پہنچا جبکہ ہوا کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔