پشاور،لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، موٹر وے بند

پشاور(اُمت نیوز) لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ مشتعل افراد احتجاج کرتے سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے موٹر وے بند کرادیا۔

پشاور میں اکبر پورہ اور قریبی دیہات کے لوگوں نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور ایم ون سے چارسدہ تک موٹر وے کو بند کردیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ اکبر پورہ اور ملحقہ علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

مظاہرین نے کہا کہ جب تک غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی نہ کرائی گئی احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔