ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی کے جہلم زون کے زیر اہتمام بدھ کے روز غیر قانونی، سمگل شدہ اور جعلی سگریٹس کی بھاری مقدار تلف کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
چک براہم جہلم میں ہونے والی اس تقریب میں غیر قانونی، نان ڈیوٹی پیڈ اور سمگل شدہ سگریٹس کے 2700 پیکرائٹس تلف کئے گئے جن کی مالیت تقریباً 202 ملین روپے ہے۔
ان سگریٹس پر 147.15 ملین روپے کی ڈیوٹی واجب الادا تھی۔اس تقریب میں چیف کمشنر آر ٹی او راولپنڈی تہمینہ عامر نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جس میں جہلم زون کے کمشنر ولایت خان، افسران اور عملہ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء کو غیر قانونی تمباکو اور اس کی مصنوعات کو قانون کے تحت ضبط کرنے سے لے کرحتمی طور پر تلف کرنے کے مراحل کے بارے میں بتایا گیا۔تمام معزز مہمانوں نے مشترکہ طور پر غیر قانونی سگریٹس کو نذر آتش کر کے تلف کیا۔