راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے آذربائیجان کے وزیرخارجہ جیہون بیراموف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
جنرل عاصم منیر نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں جامع مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لیے ملک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اس دوران آرمی چیف نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی مثالی پیشہ وارانہ مہارت اور بہادری کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران معزز مہمان نے آذربائیجان کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر تعریف کی اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں ملک کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔