اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کا دورہ کیا اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لیا۔
محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نارمل پاسپورٹ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کو 30 روز میں جاری ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، اس وقت اوورسیز پاکستانیوں کو نارمل پاسپورٹ 4 ماہ جبکہ ارجنٹ پاسپورٹ ڈیڑھ ماہ میں مل رہا تھا، پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، مقرر کردہ مدت کے اندر پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن لوں گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا، وفاقی وزیر داخلہ کی پی ایس او اے ایس پی شہر بانو مانیٹرنگ سیل کو ہیڈ کریں گی۔