اسلام آباد(اُمت نیوز)ملک کے 66 مخصوص اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آج سے آغاز ہو گیا، پولیو مہم کے دوران 16.5 ملین سے زائد بچوں کی ویکسینیشن کا ہدف ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت صوبہ سندھ میں بھی پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، 9 جون تک جاری مہم کے دوران سندھ کے 16 اضلاع کے 47 لاکھ 57 ہزار 303 بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب کے 6، بلوچستان 14، کے پی کے 23 اضلاع میں پولیو مہم ہو رہی ہے، پنجاب میں مہم کے دوران 64 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے،بلوچستان میں 18 لاکھ 84 ہزار سے زائد بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی جبکہ کے پی کے 35 لاکھ سے زیادہ بچوں کی پولیو ویکسینیشن کا ہدف مقرر ہے۔
سربراہ انسداد پولیو پروگرام پنجاب خضرافضال کے مطابق گرمیوں کا موسم پولیو وائرس کیلئے انتہائی سازگار ہوتا ہے،گرم موسم میں پولیو وائرس پھیلنےکاخدشہ ہے،پنجاب کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پایا گیا ہے،بچاو صرف پولیو ویکسین سے ممکن ہے، ان کا کہنا ہے کہ اپنے بچوں کو ہر مہم میں قطرے پلوانا مت بھولیں۔
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں مہم اتوار تک جاری رہے گی،بقیہ اضلاع میں پولیو مہم کا دورانیہ 5 روزہ ہو گا۔مہم کے دوران 64 لاکھ بچوں کو قطرے پلائی جائیں گے،مہم میں 40 ہزار سے زائد پولیو ورکر حصہ لیں گے،لاہور میں 14 ہزار سے زائد پولیو ورکر مہم کا حصہ ہیں۔
خیال رہے ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو وائرس کے کیسز کے پیش نظر حکومت نے خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا، خصوصی مہم رواں سال کی پانچویں انسداد پولیو مہم ہے۔ رواں سال چار پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور سیوریج لائنز میں پولیو وائرس کی مسلسل تصدیق ہو رہی ہے۔