گنڈاپور نے پورا ملک بلاک کرنے کا اعلان کر دیا، فائل فوٹو
 گنڈاپور نے پورا ملک بلاک کرنے کا اعلان کر دیا، فائل فوٹو

گورنر اور اس کا لیڈر دونوں چور ہیں،علی امین گنڈا پور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گورنر کی گاڑیاں بند کردوں گا اور انہیں گورنر ہاؤس سے نکال دوں گا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا  کہ گورنر اور اس کا لیڈر دونوں چور ہیں۔ گورنر کی گاڑیاں بند کرکے انہیں گورنر ہاؤس سے نکال دوں گا۔ گورنر کی حیثیت یہ ہے کہ یہ ہم تینوں بھائیوں سے ہارا ہے۔ انہیں سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے سیاسی مردار کریں گے۔

وزیراعلیٰ کے پی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ سے پختونخوا کے منصوبے ختم کرنا کم ظرفی ہے۔ ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں احتجاج کے لیے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں سے ملک نہیں چل رہا۔ یہ ہمارے سروں  پر سوار ہیں اور ہم سر سے اتارنا جانتے ہیں۔ ہم محاذ آرائی نہیں کر رہے بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کو کس بنیاد پر آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملا تھا قوم کو بتائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ اگر وفاق نے کٹوتی کی اور متعصبانہ رویہ جاری رکھا تو دمادم مست قلندر ہوگا، وفاق کو بتائیں گے زور سے حقوق کیسے لیے جاتے ہیں۔

انہوں نے وفاق کو وارننگ دی اور کہا کہ یہ ہمارا حق ہے کٹوٹی برداشت نہیں کرسکتے، اگر ایسا ہوا تو دمادم مست قلندر ہوگا، محاذ آرائی نہیں بلکہ ہم اپنا حق مانگ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ واجبات اور منصوبے روک کر سیاسی انتقام لیا جارہا ہے، عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا۔ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کے حقوق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اچھی ٹرانسپورٹ فراہم کریں گے، ان سے حکومت نہیں چل رہی ،ملک کادیوالیہ نکل گیا ہے، صوبہ چلانا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے موجودہ صورتحال میں بجٹ پیش کرنا حکومت کے بس میں نہیں۔

ایک سوال کی جواب میں انہوں نے کہا کہ ’گورنر کی حیثیت کیا ہے، کوئی کام کی بات کرو، ایک بندے کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے‘۔