لسبیلہ: اوتھل کے قریب قومی شاہراہ پر رات گئے مسافر بس میں آگ بھڑکنے سے تین مسافر جھلس کر جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی لسبیلہ کے مطابق مسافر بس کراچی سے کوئٹہ جارہی تھی جس میں 28 افراد سوار تھے، تیز رفتار بس اوتھل کے قریب موٹر سائیکل سے ٹکرائی جس کے بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی، اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ بھڑکنے سے 3 مسافر جھلس کر جاں بحق ہوئے اور 12 زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسیکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بس میں لگی آگ پر قابو پاکر جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کیا، جب کہ شدید زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا بتانا ہےکہ چند مسافروں نے کوچ کی کھڑکیوں سے کود کر جان بچائی۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق بس جس موٹرسائیکل سے ٹکرائی اس میں پیٹرول کا ڈبہ موجود تھا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔