خیبر پختونخوا(اُمت نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بیان پر دبنگ ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواسوئچ آن آف کی بات کرتے ہیں، میرے پاس ایک ایسا بٹن ہے جب میں آف کروں گا تو آن نہیں ہوگا، میرے پاس کونسا بٹن ہے اس کے حوالے سے میں صحیح وقت پر بتاؤں گا۔
خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے آئے روز وفاق اور بالخصوص گورنر خیبرپختونخوا کے حوالے سے سخت نوعیت کے بیانات سننے اور پڑھنے کو ملتے ہیں،اس حوالے سے اب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک نجی ریڈیو چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پر تو اپنے صوبائی وزیر کے قتل کا کیس ہے،علی امین پر پر ڈیرہ اسماعیل خان میں سیاسی شخصیت کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام بھی ہے،ایسے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے آپ کیا امید رکھ سکتے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کی جانب سے بیانات سن کر خوشی ہوتی ہے
فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ڈپریشن کا شکار ہیں تو اس کیلئے دوائی استعمال کریں مجھ سے خائف نہ ہوں، میں ایک ایسی جماعت سے تعلق رکھتا ہوں جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہے،ان کاکہناتھا کہ میں بہت عرصے سے ایک بیان دے رہا ہوں کہ میں کبھی بھی سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہیں بننے دوں گا، یہ اصل میں سیاسی یتیم ہیں اور اب سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں ان کی اس کوشش کو ناکام کروں گا۔