گیانا (اُمت نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے میچ میں افغانستان نے نیوزی لینڈ کو 84 رنز سے شکست دے دی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی ورلڈ کپ کے 14 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز بنائے۔
اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 103 رنز کی شراکت قائم کی اس کے بعد زدران 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، تیسرے نمبر پر آنے والے عظمت اللہ عمرزئی نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 13 بالز پر 23 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے۔
کپتان راشد خان 6، کریم جنت ایک رنز بنا پائے، محمد نبی اور گلبدین نائب بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے، اوپنر رحمان اللہ گرباز 56 بالز پر 80 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری ، ٹرینٹ بولٹ نے 2، 2 اور لوکی فریگسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کیویز کو افغان باؤلرز نے سنبھلنے کا موقع ہی نہ دیا، دوسری اننگز کی پہلی ہی بال پر اوپنر فن ایلن کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے، گلین فلپس 18 اور میٹ ہینری 12 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکا۔
کیویز کھلاڑی 160 کے جواب میں صرف 75 رنز ہی بنا پائے اور یوں نیوزی لینڈ کو افغانستان کے ہاتھوں 84 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، افغانستان کی جانب سے راشد خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 4، فضل حق فاروقی نے بھی 4 اور محمد نبی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔