ذوالحج کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں عید الاضحیٰ 17 جون پیر کو ہوگی

کراچی (اُمت نیوز) ذوالحج 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں عید الاضحیٰ 17 جون پیر کو ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا ہے، چاند نظر آنے کے بعد ملک میں یکم ذو الحج 8 جون اور 10 ذی الحج یعنی عید الاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے مختلف مقامات مطلع ابرآلود رہا، پاکستان میں مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، پشاور، کوہاٹ، کرک اور دیگرعلاقوں سے شہادتیں موصول ہوئیں۔

اس سے قبل لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف بلڈنگ میں جبکہ پشاور، اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔

مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے پنجاب کے کسی بھی شہر سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، البتہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سے چاند کی شہادت موصول ہوئی۔

پشاور میں ذوالحج کاچاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر حافظ عبدالغفور نے کی، زونل کمیٹی اجلاس میں 5 ممبران شریک ہوئے۔

کمیٹی ممبران میں مولانا عبدالبصیر،مولانا محمد علی شاہ مولانا عتیق اللہ اور مولانا عابد شاکری شامل تھے۔

زونل کمیٹیوں نے روایت کے مطابق چاند کی شہادت موصول ہونے سے متعلق رپورٹ مرکزی کمیٹی کو ارسال کی جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔