پی ٹی آئی ایم پی اے کا چالان کرنے والے 2 ٹریفک اہلکار معطل

 

پشاور(اُمت نیوز) تحریک انصاف کے ایم پی اے شیر علی آفریدی کا چالان کرنے والے 2 ٹریفک اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

چیف ٹریفک پولیس آفیسر نے دونوں اہلکاروں کی معطلی کا اعلامیہ جاری کردیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اہلکاروں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایم پی اے کو 500 روپے کا جرمانہ کیا تھا۔

ٹریفک پولیس نے کہا کہ ایم پی اے نے ٹریفک اہلکاروں کی بدسلوکی شکایت کی تھی، بداخلاقی پر ٹریفک اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے شیر علی آفریدی نے بتایا کہ ٹریفک اہلکار نے رکنے کا اشارہ دیا تو گاڑی روک دی، میرے بھائی نے ٹریفک اہلکاروں کوبتایا کہ یہ ایم پی اے ہیں، بات شروع ہوتے ہی ٹریفک اہلکار نے مجھے نامناسب الفاظ کہے اور میرے ساتھ شدید بدسلوکی کی۔

واضح رہے کہ شیرعلی آفریدی پی کے 77 سے رکن صوبائی اسمبلی ہیں۔