نیویارک (اُمت نیوز) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بڑے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم ایک اوور کے کھیل کے بعد دوبارہ بارش شروع ہوگئی جس کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔
نیویارک کے نیساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونیوالے بڑے مقابلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان روہت شرما کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے اننگز کا آغاز کیا اور ایک اوور میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنائے تاہم دوبارہ بارش شروع ہونے کے باعث میچ کو ایک بار پھر روک دیا گیا، واضح رہے کہ ٹاس سے قبل بھی بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی، اعظم خان کی جگہ عماد وسیم پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ میں 100 فیصد کارکردگی دکھائیں گے ، پاور پلے میں اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کریں گے۔
دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ آج کےمیچ میں بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے، کوشش ہوگی آج کے میچ میں بڑا ہدف دیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ایونٹ میں اپنے پہلے میچ میں امریکا کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
قومی سکواڈ
پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عثمان خان، شاداب خان، فخرزمان ، افتخاراحمد، عماد وسیم ، محمد عامر، نسیم شاہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف آج ایکشن میں ہوں گے۔
بھارتی سکواڈ
بھارتی ٹیم کی کپتانی روہت شرما کر رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، ریشبھ پنٹ، سوریاکماریادیو، شیوام ڈوبے، ہارڈک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکثرپٹیل، جسپریت بمرا، محمدسراج اور ارشدیپ سنگھ بھارتی ٹیم میں شامل ہیں۔