لکی مروت میں بارودی سرنگ دھماکے کے شہداء کی نماز جنازہ بنوں میں ادا

راولپنڈی (اُمت نیوز) لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ ، سپاہی منظور حسین، سپاہی راشد محمود کی نماز جنازہ بنوں میں ادا کی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور، حاضر سروس افسران، جوانوں اور عوام نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نماز جنازہ کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے، شہداء کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر شہداء کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔