اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چمن کے عوام نے کبھی ریاست کے خلاف قدم نہیں اٹھایا، چمن کے مسائل کا حل بات چیت سے ہی نکالا جا سکتا ہے۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چمن کے حالات خراب کرنے والے عناصر مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، اندرونی و بیرونی سیاسی اداکاروں کو عوام کی قسمت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی حکومت چمن کے حالات اور عوام کو درپیش مسائل سے غافل نہیں۔
عبدالخالق خان اچکزئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ چمن کے عوام پُر تشدد رویوں کے حامی عناصر کو صفوں سے باہر نکال پھینکیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جماعتِ اسلامی کے مرکزی رہنما و چیئرمین کوئٹہ ڈیولپمنٹ محاذ عبدالمتین اخوند زادہ نے کہا تھا کہ چمن کے حالات کو معمول پر لانے کے لیے ضروری ہے کہ ضلعی انتظامیہ کا سربراہ تبدیل کیا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال سے حالات کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، اس لیے ضروری ہے کہ صوبائی حکومت غیر جانبدار، معتبر، نمائندہ شخصیات اور ثالثین کی خدمات حاصل کرے۔