بنگلورو: بھارت میں فلمی اداکار کو بیوی سمیت قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق 47 سالہ کنڈا فلموں کےاداکار درشن تھوگودیپا اور ان کی اہلیہ کو بنگلورو پولیس نے رینوکا سوامی کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 47 سالہ اداکار کو میسور میں ان کے فارم ہاؤس سے گرفتار کیا گیا۔ ان پر بنگلورو کی فارمیسی میں کام کرنے والے 33 سالہ رینوکا سوامی کو قتل کروانے کا الزام ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنڈا فلموں کے اداکار درشن تھگو دیپا کو ایک شخص کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ اداکار کی بیوی پوترا گاؤڈا سمیت دیگر 10 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رینوکار سوامی نے اداکار درشن کی بیوی کو مبینہ طور پر توہین آمیز میسجز کیے تھے جس کے کچھ عرصے بعد ان کی لاش ایک پل پر پائی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق کیس کی تحقیقات کے دوران 3 افراد کو گرفتار کیا تو انہوں نے انکشاف کیا کہ رینوکا کا قتل اداکار درشن کے کہنے پر کیا۔ رینوکا سوامی کے والدین نے ان کی گمشدگی کی درخواست دائر کی تھی۔ اداکار سے تفتیش جاری ہے۔